امریکی تھنک ٹینک کے تجزیہ کار ڈگلس اے برکی نے اس منظرنامے کو انتہائی تباہ کن قرار دیا
ایئر شوز میں قومی منصوبے کی کامیابی دکھائی جاتی ہے، لیکن بھارت کیلئے اس کا الٹا اثرثابت ہوا
دبئی میں پیش آنے والا حادثے کے بعد کوئی بھی اس طیارے کو خریدنا پسند نہیں کریگا:سابق عہدیدار
واشنگٹن (آئی این پی )دبئی ائیرشو میں بھارت کے تیجس جنگی طیارے کا دنیا بھر کے دفاعی خریداروں کے سامنے گر کر تباہ ہونا مودی حکومت کیلئے ایک بہت بڑا دھچکا ثابت ہوا ہے۔ عالمی ماہرین کے مطابق یہ حادثہ 4 دہائیوں پر پھیلے تیجس کے مشکل اور سست ترقیاتی سفر پر منفی اثر ڈالے گا اور بیرونِ ملک اس کی ممکنہ فروخت کو متاثر کرے گا۔امریکی تھنک ٹینک کے تجزیہ کار ڈگلس اے برکی نے اس منظرنامے کو انتہائی تباہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایئر شوز میں کسی بھی بڑے قومی منصوبے کی کامیابی دکھائی جاتی ہے، لیکن بھارت کیلئے اس کا الٹا اثرثابت ہوا ہے۔تیجس پروگرام 1980 کی دہائی میں اس وقت شروع ہوا تھا جب بھارت نے پرانے سوویت دور کے مگ 21 طیاروں کی جگہ مقامی طور پر تیار کردہ جنگی جہاز لانے کا فیصلہ کیا تھا۔ہندوستان ایئرو ناٹکس لمیٹڈ کے ایک سابق عہدیدار کے مطابق دبئی میں پیش آنے والا حادثے کے بعد کوئی بھی اس طیارے کو خریدنا پسند نہیں کریگا۔ بھارت نے ایشیا، افریقہ اور لاطینی امریکا کو ممکنہ منڈیوں کے طور پر دیکھا تھا، جس کیلئے 2023 میں ملائیشیا میں دفتر بھی کھولا گیا تھا، لیکن اب تاکید یہی ہے کہ پہلے مقامی ضروریات پوری کی
جائیں۔