شہریوں اور سیاحوں نے وزیر ثقافت سے مطالبہ کیا ہے، معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے
خیرپور(آئی ا ین پی ) کوٹ ڈیجی قلعہ میں ایک نادر و تاریخی واردات میں نامعلوم ملزمان نے سندھ کے تاریخی ورثے کو بھی نہیں بخشا۔میڈیارپورٹ کے مطابق چوروں نے قلعہ کی تاریخی اور قیمتی جیسرمیل توپ کو کٹر مشین کے ذریعے کاٹ کر اس کے قیمتی چار کڑے چوری کر لئے ۔سیاحوں نے واقعے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ توپ کی چوری سے قلعہ کی شان متاثر ہوئی ہے۔واقعہ کے بعد مقامی لوگوں میں بھی شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں کوٹ ڈیجی تھانہ میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔شہریوں اور سیاحوں نے وزیر ثقافت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے اور ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔یاد رہے کہ نگران دور میں قلعہ کوٹ ڈیجی سے لاپتہ توبیں واپس لا کر محفوظ کی گئی تھیں، لیکن اب یہ تاریخی قیمتی شے دوبارہ چوری ہو گئی ہے۔