پنجاب میںسٹریٹ موومنٹ شروع کروں گا‘مجھے کوئی نہیں روک سکتا سہیل آفریدی

سٹریٹ موومنٹ میرا حق ہے، تم جو مرضی کرلو، میں  نہیں ڈرتا، جب چاہوں جہاں چاہوں پنجاب میں آئوں گا‘سٹریٹ موومنٹ کی خود قیادت کروں گا
 ہم میں سے کوئی بھی ڈاکٹر یاسمین راشد سے زیادہ قیمتی نہیں  ، وہ  جیل کاٹ سکتی ہیں تو ہم بھی جیل جانے کے لئے تیار ہیں:وزیراعلی خیبرپختونخوا کی اجلاس میں گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی ) وزیرِاعلی خیبرپختونخو سہیل آفریدی نے پنجاب میں جلد سٹریٹ موومنٹ شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے سٹریٹ موومنٹ میرا حق ہے، تم جو مرضی کرلو، میں ان سے نہیں ڈرتا، جب چاہوں جہاں چاہوں پنجاب میں آئوں گا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے  تحریک انصاف پنجاب کے ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے  کیا ۔ وزیر اعلی کے پی  نے تنظیمی رہنمائوں کو فوری فیصلہ کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ایک گھنٹے کا وقت ہے، پنجاب کے چاروں ریجنز کے نمائندے مل کر فیصلہ کرلیں کہ مجھے پنجاب میں کہاں آنا ہے، اسٹریٹ موومنٹ ہمارا آئینی و جمہوری حق ہے اور فیصلہ آپ کو کرنا ہے، میں ان  سے بالکل نہیں ڈرتا، میں پنجاب لازمی آئوں گا۔حکومتی رکاوٹوں اور گرفتاری کے خدشات کو مسترد کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ تم جو مرضی کر لو، میں جب چاہوں اور جہاں چاہوں پنجاب میں داخل ہوں گا اور سٹریٹ موومنٹ کی خود قیادت کروں گا، پنجاب کی عوام آپ کی منتظر ہے، بس آپ نے ہمت دکھانی ہے، آپ محض 300 افراد نہیں بلکہ 13 کروڑ عوام کی نمائندہ قوت ہیں۔اپنے خطاب میں وزیرِ اعلی کے پی نے پارٹی کی سینئر رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی جیل اور جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہم میں سے کوئی بھی ڈاکٹر یاسمین راشد سے زیادہ قیمتی نہیں ہے، وہ ہماری سب سے قیمتی اثاثہ ہیں، اگر وہ اتنی عمر اور بیماری کے باوجود جیل کاٹ سکتی ہیں تو ہم بھی جیل جانے کے لیے تیار ہیں، جیل جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، سٹریٹ موومنٹ ہی ہمارا واحد راستہ ہے۔