غیر متزلزل حمایت اور یکجہتی پر سعودی عرب کا شکریہ شہبازشریف
ہر قسم کی دہشت گردی اور انتہاء پسندی کا مقابلہ کرنے اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لئے دونوں ممالک کا مشترکہ عزم ہے‘ تعلقات مشترکہ عقیدے ، یکساں اقدار اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں:وزیراعظم
دنیا بھر میں پاکستان کی برآمدی اشیا ء کی تشہیر اور پروموشن وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے:اجلاس میں گفتگو‘وزیراعظم کی برآمدات پر نافذ کردہ ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ سرچارج کو فوری ختم کرنے کی ہدایت
اسلام آباد(آن لائن‘آئی این پی) وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے سعودی عرب کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف عزت مآب جنرل فیاض بن حامد الرویلی نے وزیر اعظم ہاؤس، اسلام آباد میں ملاقات کی۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے ساتھ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی، دفاعی اور سیکیورٹی سمیت دیگر تمام شعبوں میں تاریخی برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے جنرل الرویلی کا خیرمقدم کیا اور برادر مملکت سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو ہر وقت فراہم کی جانے والی غیر متزلزل حمایت اور یکجہتی پر سعودی عرب کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات مشترکہ عقیدے ، یکساں اقدار اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔وزیراعظم نے گزشتہ دو ماہ کے دوران ریاض کے اپنے انتہائی کامیاب دوروں کا ذکر کیا ، جن کے دوران دونوں فریقوں کے درمیان تاریخی اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے (SMDA) پر دستخط ہوئے، وزیراعظم نے مشترکہ تربیت، مشقوں اور مہارت کے تبادلے سمیت دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے ہر قسم کی دہشت گردی اور انتہاء پسندی کا مقابلہ کرنے اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کو بھی اجاگر کیا۔ جنرل الرویلی نے سعودی قیادت کی جانب سے وزیراعظم اور پاکستانی عوام کو تہنیتی پیغام پہنچایا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ موجودہ بہترین دفاعی اور تزویراتی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے مملکت کی مضبوط خواہش کا اعادہ کیا۔دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملکی برآمدگان پر نافذ کردہ ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ سرچارج کو فوری طور پر ختم کرنے کی ہدایت کر تے ہوئے کہا ہے کہ ملکی برآمدات میں اضافے کیلئے صنعت کاروں کو ہر ممکن سہولت پہنچانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے قائم کردہ ذیلی ورکنگ گروپ کے سفارشات پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں شہباز شریف کی ہدایت کی کہ ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ فنڈ کا پچھلے پانچ سال کا عالمی معیار کے مطابق تھرڈ پارٹی آڈٹ کروایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ فنڈ میں موجودہ رقم کے بہترین استعمال کیلئے پرائیویٹ سیکٹر سے موزوں چیئرمین کو منتخب کیا جائے۔وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ میں موجود رقم کو صرف ملکی برآمدات میں اضافے،متعلقہ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ، برآمدی سیکٹر کی افرادی قوت کی ہنر مندی، ٹریننگ اور عالمی معیار کی جدید سہولتوں کے لیے استعمال کیا جائے