خواتین پر تشدد برداشت نہیں، پنجاب میں ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن قائم:مریم نواز

خواتین پر تشدد برداشت نہیں، پنجاب میں ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن قائم:مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ خواتین ان کی "ریڈ لائن" ہیں اور خواتین پر تشدد یا ظلم برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ مائیں، بہنیں اور بیٹیاں معاشرتی روایات اور مذہبی اقدار کا حصہ ہیں اور دین اسلام میں پہلی بار خواتین کو مکمل عزت، احترام اور حقوق دینے کے احکامات دیے گئے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ نبی کریمؐ کی سنت میں بیٹیوں اور بہنوں کی عزت و احترام کو اولین اہمیت دی گئی ہے، اور قرآن و سنت میں خواتین پر ہاتھ اٹھانے کی نہ صرف ممانعت کی گئی ہے بلکہ نرمی برتنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین پر تشدد کرنے والے بزدل اور مجرم ہیں اور ان کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ پنجاب حکومت نے خواتین کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا ہے اور پہلی بار ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن قائم کیا ہے۔

مریم نواز نے بتایا کہ خواتین اپنی شکایات اس ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن میں درج کروا سکتی ہیں اور ہنگامی حالات میں پنک بٹن کے ذریعے فوری پولیس ہیلپ حاصل کر سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ، خواتین کے لیے پولیس ویمن ہیلپ لائن بھی مکمل طور پر فعال ہے۔وزیراعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ پنجاب حکومت خواتین کے تحفظ اور حقوق کی پاسداری کے لیے پرعزم ہے اور اس بات پر زور دیا کہ خواتین کے لیے ایک تشدد سے پاک، محفوظ اور مساوی معاشرہ ترقی کی ضمانت ہے۔