امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ امن معاہدے کے اثرات کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز زبردست تیزی دیکھی گئی ہے۔
بازارِ حصص میں کاروبار کے دوران 100 انڈیکس میں 2747 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس بڑھ کر 1 لاکھ 70 ہزار 591 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔کاروباری سیشن کے دوران انڈیکس نے 1 لاکھ 70 ہزار 377 پوائنٹس کی کم ترین جبکہ 1 لاکھ 71 ہزار 519 پوائنٹس کی بلند ترین سطح بھی دیکھی۔ یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز انڈیکس 1 لاکھ 67 ہزار 844 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔معاشی ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر جغرافیائی کشیدگی میں کمی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری کے باعث مقامی مارکیٹ میں مثبت رجحان دیکھا جا رہا ہے۔
دوسری جانب انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں معمولی کمی ہوئی ہے۔ ڈالر 2 پیسے سستا ہو کر 278 روپے 50 پیسے پر آ گیا، جبکہ گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر یہ 278 روپے 52 پیسے پر بند ہوا تھا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں مارکیٹ میں مزید استحکام دیکھنے میں آ سکتا ہے۔