گرمی :قربانی کے جانوروں پر بیماریوں کا حملہ

مویشی نزلہ، زکام، بخار، کھانسی، ڈائریا اور دیگر بیماریوں کا شکار ، ویٹرنری ہسپتال میں ساڑھے3ہزار جانوروں کا علاج 
چارے کے بجائے روٹیاں، برگر، پیزا اور تربوز وغیرہ کھلانے سے بھی قربانی کے جانور بیمار ہو رہے ہیں
لاہور(کرائم رپورٹر)شدید گرم موسم قربانی کے جانوروں میں امراض پھیلانے کا باعث بننے لگا ہے۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں گرمی اور شہریوں کی لاپرواہی سے قربانی کے جانوروں میں بیماریاں پھیلنے لگی ہیں۔دو ہفتوں کے دوران ساڑھے 3 ہزار جانور بخار، کھانسی، نزلہ اور چچڑ میں مبتلا ہو کر ویٹرنری ہسپتال پہنچے ہیں۔لاہور میں جانوروں کے لیے قائم سرکاری ہسپتال کی ایمرجنسی میں روزانہ ڈھائی سو کے قریب چھوٹے بڑے مویشیوں کو لایا جانے لگا ،یہ مویشی نزلہ، زکام، بخار، کھانسی، ڈائریا اور دیگر بیماریوں کا شکار ہیں۔شہریوں نے بتایا کہ قربانی کے جانور اچانک بیمار پڑ گئے، اس لیے ہسپتال لانا پڑا۔طبی ماہرین کے مطابق مویشیوں کو دیگر بیمار جانوروں کے ساتھ اور تنگ جگہ پر رکھنے کی وجہ سے بیماریاں پھیل رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ چارے کے بجائے روٹیاں، برگر، پیزا اور تربوز وغیرہ کھلانے سے بھی قربانی کے جانور بیمار ہو رہے ہیں۔طبی ماہرین کے مطابق جانوروں میں چچڑ کی بیماری بھی عام ہے، منڈی سے جانور لیتے وقت ان کے جسم پر ہاتھ پھیریں اور کان ضرور چیک کریں۔