نمازِ عید کے اجتماعات کیلئے ٹریفک مینجمنٹ پر بھی خصوصی توجہ دی جائے:بلال صدیق کمیانہ
لاہور(کرائم رپورٹر)سی سی پی اولاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہواجس میں عیدالاضحی کے سکیورٹی انتظامات کاتفصیلی جائزہ لیا گیاسی سی پی او لاہورنے نمازِ عید کے اجتماعات کے فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مساجد،امام بارگاہوں اورکھلے مقامات پرعیدکے اجتماعات کوبھر پور سکیورٹی فراہم کی جائے۔اجلاس میں محرم الحرام کے جامع سکیورٹی پلان پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔سی سی پی او لاہور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی کیلئے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کیں۔سی سی پی او لاہورنے ایس پی(ہیڈ کوارٹرز) کو ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کوپینے کے ٹھنڈے پانی اور شربت کی فراہمی کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی میں سکیورٹی ڈیوٹی انجام دینے والے اہلکاروں کی صحت کا خاص خیال رکھا جائے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ مویشی منڈیوں کے اطراف اور نمازِ عید کے اجتماعات کیلئے ٹریفک مینجمنٹ پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔سی سی پی او لاہورنے کہا کہ عید الاضحی سے متعلق حکومتی احکامات پرمن وعن عملدرآمد کروایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ قربانی کے جانوروں کی چوری کی روک تھام یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر تفریحی مقامات پرپولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے۔سی سی پی او لاہور نے عیدالاضحی کے موقع پر پرانی دشمنی کے حامل افراد سے شورٹی بانڈز لینے کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ عید الاضحی پر ون ویلنگ اورہوائی فائرنگ پر زیرو ٹالرنس اپنائیں۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔سی سی پی او لاہورنے ریکارڈ یافتہ ون ویلرز کے خلاف کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کئے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے فرائض دیانتداری اور جانفشانی سے سر انجام دیں۔