لاس اینجلس کے صنعتی علاقے میں شدید آگ، فائر فائٹرز کی کارروائیاں جاری

لاس اینجلس کے صنعتی علاقے میں شدید آگ، فائر فائٹرز کی کارروائیاں جاری

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر ساؤتھ گیٹ میں صنعتی زون کے اندر اچانک لگنے والی شدید آگ نے ایک بڑے تجارتی یونٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے بعد علاقے میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق یہ واقعہ انڈسٹریل ایونیو پر واقع تقریباً 75 فٹ بائی 75 فٹ کے ایک کمرشل/صنعتی عمارت میں پیش آیا، جہاں آگ انتہائی تیزی سے پھیلی۔ صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر فائر بریگیڈ نے فوری طور پر “سیکنڈ الرٹ” جاری کیا اور اضافی نفری طلب کرلی گئی۔آگ کے شعلے اور گاڑھا سیاہ دھواں دور دور تک دیکھا گیا، جبکہ فائر فائٹرز بڑی تعداد میں موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف رہے۔ قریبی علاقوں میں موجود کاروباری مراکز اور رہائشی آبادی کے باعث ریسکیو اہلکاروں نے علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے احتیاطی اقدامات بھی کیے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق تاحال کسی جانی نقصان کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی۔ تاہم امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور حکام صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔حکام نے بتایا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی، اور واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچنے کے بارے میں بھی ابھی حتمی معلومات سامنے نہیں آئیں۔