بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی‘اعتراضات کے خلاف چیمبر اپیل کی سماعت عید کے بعد کیے جانے کا امکان

اسلام آباد (آن لائن) سپریم کورٹ، بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی کا معاملہ پر قانونی ٹیم کی جانب سے دائر کردہ رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے خلاف چیمبر اپیل کی سماعت عید کے بعد کیے جانے کا امکان ہے۔جس میں موقف اختیار کیا گیاہے کہ رجسٹرار آفس نے اختیارات سے تجاوز اور دستیاب ریکارڈ کو نظر انداز کیا، درخواست کے قابلِ سماعت ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ انتظامی نہیں عدالتی فورم پر ہونا چاہیے،بانی پی ٹی آئی اڈیالہ جیل میں قید ہیں، وکالت نامے پر دستخط کی اجازت نہیں دی گئی،وکلاء نے متعدد بار اڈیالہ جیل جا کر دستخط لینے کی کوشش کی مگر رسائی نہیں دی گئی، پاور آف اٹارنی کورئیر کے ذریعے بھی بھجوائی گئی مگر حکام نے تعاون نہیں کیا، اسی معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں علیحدہ رٹ پٹیشن بھی دائر کی گئی، مجبوری کے تحت درخواست اٹارنی کے ذریعے دائر کرنا پڑی، رجسٹرار آفس کا 18 مئی 2026 کا اعتراضاتی حکم کالعدم قرار دیا جائے، درخواست کو نمبر لگا کر باقاعدہ سماعت کیلئے مقرر کیا جائے،کیس کو فوری بنیادوں پر سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔