بھارتی پنجاب کے وزیراعلی کا600 یونٹ تک بجلی مفت دینے کا اعلان

گھریلو صارفین اپنی ضرورت کے مطابق ایئر کنڈیشنر سمیت دیگر برقی آلات استعمال کر سکتے ہیں
 امرتسر (آئی این پی ) بھارتی پنجاب کے وزیراعلی بھگونت مان نے توانائی پالیسی اور عوامی ریلیف کے حوالے سے اعلان کیا ہے کہ ریاستی حکومت نے 600 یونٹ تک بجلی مفت فراہم کرنے کا انتظام کیا ہے، جس کا مقصد عام صارفین کو براہِ راست ریلیف دینا ہے۔ اس پالیسی کے تحت گھریلو صارفین اپنی ضرورت کے مطابق ایئر کنڈیشنر سمیت دیگر برقی آلات استعمال کر سکتے ہیں، جبکہ حکومت نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ بجلی کا محکمہ مالی نقصان میں نہ جائے۔ بھارتی میڈیارپورٹس کے مطابق وزیراعلی نے یہ بھی دعوی کیا کہ حکومت نے 540 میگاواٹ کا ایک پرائیویٹ تھرمل پاور پلانٹ 1080 کروڑ روپے میں خرید لیا ہے، جس سے توانائی کی پیداوار پر حکومتی کنٹرول مزید مضبوط ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کوئلے کی مقامی پیداوار پر بھی کام جاری ہے، اور ایک کان سے سالانہ تقریبا 70 لاکھ میٹرک ٹن کوئلہ نکالا جا رہا ہے، جو نسبتا سستا ہونے کی وجہ سے بجلی کی پیداواری لاگت کم کرتا ہے۔ بھگونت مان کے مطابق ماضی میں سرکاری اداروں کو نقصان میں ظاہر کر کے نجکاری کی جاتی رہی، تاہم موجودہ حکومت اس کے برعکس پالیسی پر عمل کرتے ہوئے اداروں کو مستحکم اور خود کفیل بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد عوام کو سستی بجلی فراہم کرنا اور توانائی کے شعبے میں خود انحصاری حاصل کرنا ہے۔