آٹے، گھی، تیل، دودھ سمیت روزمرہ اشیاء کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں

 سرکاری نرخ نامے صرف کاغذی کارروائی تک محدود ہو کر رہ گئے ، کلو آٹے کا تھیلا 1030 روپے تک پہنچ گیا،متوسط اور غریب طبقہ شدید متاثر 
لاہور(سپیشل رپورٹر)ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے، جبکہ آٹا، گھی، تیل، دودھ اور دیگر روزمرہ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مسلسل بلند ترین سطح پر پہنچ رہی ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ نامے صرف کاغذی کارروائی تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں، جبکہ بازاروں میں اشیاء￿  مقررہ قیمتوں سے کہیں زیادہ نرخوں پر فروخت کی جا رہی ہیں۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق نجی کمپنی کا 5 کلو آٹے کا تھیلا 1030 روپے تک پہنچ گیا ہے، جبکہ درجہ اول گھی 598 روپے اور سن فلاور آئل 618 روپے فی لیٹر میں فروخت ہو رہا ہے۔اسی طرح درجہ دوم گھی 540 روپے جبکہ کوکنگ آئل 460 روپے فی لیٹر تک جا پہنچا ہے، جس سے متوسط اور غریب طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے۔روٹی بھی سرکاری نرخ کے برعکس 20 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے، جبکہ دودھ کی قیمت 170 روپے کے سرکاری نرخ کے مقابلے میں 270 روپے فی لیٹر تک وصول کی جا رہی ہے۔بازار میں فارمی انڈوں کی قیمت بھی بڑھ کر 238 روپے فی درجن ہو گئی ہے، جس کے باعث شہریوں نے حکومت سے فوری نوٹس لینے اور قیمتوں کو کنٹرول کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔