محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج بارش ہونے یا نہ ہونے سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج شہر میں فی الحال بارش کا کوئی امکان نہیں۔
ملک بھر میں آج سے 30 مارچ تک تیز ہواؤں اور بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کے پیش نظر الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اس سسٹم کے زیرِ اثر بلوچستان، خیبر پختونخوا، پنجاب، سندھ، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش اور بعض مقامات پر فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے۔دوسری جانب بلوچستان کے علاقے نوشکی میں موسلا دھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے جس سے مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر پی ایم ڈی انجم نذیر کے مطابق کراچی میں کل شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں معتدل بارش کا امکان ہے۔ انہوں نے شہریوں کو موسمی صورتحال کے پیش نظر محتاط رہنے کی ہدایت بھی کی ہے۔