وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صرف دو سال کے عرصے میں کاشتکاروں کی سہولت کے لیے 30 ہزار ٹریکٹر فراہم کر کے زرعی شعبے میں ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اب تک 20 ہزار سے زائد گرین ٹریکٹر کاشتکاروں کو فراہم کیے جا چکے ہیں، جبکہ مزید 10 ہزار ٹریکٹرز کی فراہمی کا عمل جاری ہے۔مریم نواز نے کہا کہ سی ایم ہائی ٹیک میکانائزیشن فنانسنگ پروگرام کے تحت ویٹ اینڈ رائس کمبائن ہارویسٹر بھی کاشتکاروں کو فراہم کیے جائیں گے۔ اس پروگرام کے تحت کسان ہائی پاور ٹریکٹر اور دیگر جدید زرعی مشینری بھی حاصل کر سکیں گے۔انہوں نے بتایا کہ کاشتکاروں کو 4 ارب روپے کی لاگت سے 5 ہزار سپر سیڈر بھی فراہم کیے جا چکے ہیں۔
رائس سپر سیڈر کے استعمال سے سموگ کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی اور کسانوں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی کی طرف لایا جا رہا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب کے کاشتکاروں کو میکانائزیشن کے ذریعے جدید فارمنگ کی طرف گامزن کیا جا رہا ہے۔ ایگری کلچر میکانائزیشن سے پیداوار میں اضافہ اور لاگت میں کمی ممکن ہوگی، جبکہ فرسودہ زرعی طریقے ترک کر کے جدید مشینری کے استعمال سے کسانوں کی آمدن میں بھی بہتری آئے گی۔