عیدالفطر:خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات پر رش، لاکھوں سیاحوں کی آمد

گلیات میں بھی عید کے دوران 51 ہزار 886 سیاحوں کی آمد ریکارڈ کی گئی
 2 لاکھ 62 ہزار سے زائد سیاحوں نے سیاحتی مقامات کا رخ کیا‘ ٹورازم اتھارٹی
پشاور(آئی این پی)عیدالفطر کے موقع پر خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی ریکارڈ آمد دیکھنے میں آئی، جس کے اعداد و شمار خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی نے جاری کر دیئے۔ ڈی جی ٹورازم اتھارٹی کے مطابق عیدالفطر کے تین دنوں کے دوران 2 لاکھ 62 ہزار سے زائد سیاحوں نے صوبے کے مختلف سیاحتی مقامات کا رخ کیا۔ اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ سیاحوں نے وادی سوات کا رخ کیا جہاں ایک لاکھ 86 ہزار سے زائد افراد سیر و تفریح کے لیے پہنچے، اس کے علاوہ گلیات میں بھی عیدالفطر کے دوران 51 ہزار 886 سیاحوں کی آمد ریکارڈ کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس عرصے میں 76 غیر ملکی سیاح بھی خیبرپختونخوا کے مختلف سیاحتی مقامات پر موجود رہے اور قدرتی حسن سے لطف اندوز ہوئے۔ سیاحوں کی بڑی تعداد کی آمد سے مقامی سیاحت کو فروغ ملا ہے جبکہ ہوٹلنگ اور دیگر متعلقہ شعبوں میں بھی نمایاں سرگرمی دیکھنے میں آئی ہے۔