نیپرا کی جانب سے لیسکو کی درخواست پر سماعت کرکے اربوں روپے وصول کرنے کی منظوری دیدی گئی
لیسکو آئندہ مالی سال کے دوران اپنے صارفین سے بجلی کے بلوں میں یہ اضافی رقم وصول کرے گی
لاہور (سپیشل رپورٹر) لیسکو کے صارفین پر بجلی کے بلوں کی مد میں 8 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے لیسکو کی درخواست پر صارفین سے اضافی قیمت وصول کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ذرائع کے مطابق لیسکو نے نیپرا میں گزشتہ تین مالی سالوں (2019-20، 2020-21 اور 2021-22) کے دوران کی کوارٹرلی ایڈجسٹمنٹ کی بنیاد پر اضافی رقوم کی وصولی کی درخواست دائر کی تھی۔ نیپرا نے کمپنی کی درخواست پر باقاعدہ سماعت کی، جس کے بعد اربوں روپے صارفین سے وصول کرنے کی اجازت دے دی گئی۔نیپرا کے فیصلے کے مطابق لیسکو آئندہ مالی سال کے دوران اپنے صارفین سے بجلی کے بلوں میں یہ اضافی رقم وصول کرے گی، جس سے مجموعی طور پر صارفین پر 8 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ یہ بوجھ مختلف ماہانہ بلوں میں قسط وار طریقے سے شامل کیا جائے گا تاکہ کمپنی گزشتہ سالوں کے مالی بوجھ کو پورا کر سکے۔لیسکو نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ 2019 سے 2022 کے دوران مختلف سہ ماہیوں میں بجلی کی خریداری اور دیگر آپریشنل اخراجات میں اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں کمپنی کو خسارے کا سامنا رہا۔ اسی نقصان کی تلافی کے لیے ایڈجسٹمنٹ کی درخواست نیپرا میں جمع کرائی گئی تھی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ مہنگائی کے تناظر میں بجلی کے نرخوں میں یہ اضافی بوجھ صارفین کے لیے مزید مشکلات کا باعث بنے گا۔