عوام کی سہولت کے پیش نظر جلسے کا مقام تبدیل کرکے پشاور موٹروے کے قریب کھلے میدان میں منتقل کر دیا گیا :وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی
پشاور(خصوصی رپورٹ)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ 5اگست کا جلسہ سیمی فائنل اور فیصلہ کن ہوگا، جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔پارلیمانی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ 5اگست کے جلسے کی تیاریوں کے لیے تمام پارلیمانی اراکین کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں جبکہ عوام کی سہولت کے پیش نظر جلسے کا مقام تبدیل کرکے پشاور موٹروے کے قریب کھلے میدان میں منتقل کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ سے رجوع کیا، بطور وزیراعلی اپنی جماعت کے قائد سے ملاقات ان کا آئینی اور قانونی حق ہے، صوبے کے فیصلے بانی پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام نے بانی پی ٹی آئی کے نام پر ووٹ دیا، ان کے مینڈیٹ کو مسترد کرنا ساڑھے 4کروڑ عوام کی توہین ہے، وزیراعلی نے الزام عائد کیا کہ وفاق خیبرپختونخوا کی منتخب حکومت کے ساتھ دوسرے درجے کے شہری جیسا سلوک کر رہا ہے۔