چوری شدہ پینٹنگ 50 سال بعد اٹلی واپس پہنچ گئی

روم: (نیٹ نیوز) چوری شدہ مڈونا اینڈ چائلڈ نامی پینٹنگ 50 سال بعد اٹلی واپس پہنچا دی گئی۔ایک نایاب اور تاریخی پینٹنگ 16ویں صدی میں مشہور اطالوی مصور انٹونیو سولاریو نامی مصور نے تخلیق کی تھی جو بالآخر 50 سال بعد اٹلی کے میوزیم کو واپس کر دی گئی۔یہ پینٹنگ 1973ء￿  میں اٹلی کے شہر بیلونو کے سوک میوزیم سے چوری ہوئی تھی اور حیران کن طور پر گزشتہ کئی دہائیوں سے انگلینڈ میں باربرا ڈی ڈوزسا نامی خاتون کے گھر میں موجود تھی، باربرا کے مطابق ان کے مرحوم شوہر نے یہ پینٹنگ آسٹریا میں ایک نامعلوم فروخت کنندہ سے خریدی تھی، اس وقت انہیں علم نہیں تھا کہ یہ چوری شدہ ہے۔برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق باربرا کئی سالوں تک یہ پینٹنگ واپس کرنے سے انکار کرتی رہیں، یہاں تک کہ جب بین الاقوامی سطح پر اس کی چوری کا اعتراف بھی ہو چکا تھا تو وہ دعویٰ کرتی رہیں کہ ان کے شوہر نے یہ پینٹنگ خریدی تھی، اس لیے یہ ان کی ملکیت ہے۔بالآخر کئی مرتبہ کی کوششوں کے بعد باربرا نے فیصلہ کیا کہ وہ یہ پینٹنگ اصل میوزیم کو واپس کر دیں گی، یہ فن پارہ اب واپس سوک میوزیم پہنچا دیا گیا ہے