امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیکنالوجی کمپنیوں گوگل، مائیکروسافٹ اور دیگر کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بھارت اور چین میں نوکریاں فراہم کرنے کے بجائے امریکہ میں روزگار کے مواقع پیدا کریں۔
اے آئی سمٹ میں دو ٹوک موقف
واشنگٹن میں منعقدہ مصنوعی ذہانت (AI) سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا:"ٹیک کمپنیاں چین میں فیکٹریاں بناتی رہیں، بھارت میں نوکریاں دیتی رہیں، آئرلینڈ میں منافع چھپاتی رہیں، جبکہ امریکی شہریوں کو نظر انداز کیا جاتا رہا — لیکن اب وہ دن گئے!"انہوں نے ٹیک کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ امریکی مفادات کو ترجیح دیں اور مصنوعی ذہانت کی دوڑ میں کامیابی کے لیے حب الوطنی کا مظاہرہ کریں۔
تین نئے صدارتی احکامات
صدر ٹرمپ نے سمٹ کے دوران مصنوعی ذہانت سے متعلق تین نئے صدارتی احکامات پر بھی دستخط کیے، جن کا مقصد امریکا کو اس شعبے میں عالمی قیادت دلانا ہے۔
ایپل کو بھی وارننگ
واضح رہے کہ اس سے قبل ٹرمپ نے ایپل کو بھی خبردار کیا تھا کہ اگر کمپنی نے آئی فونز کی تیاری بھارت کے بجائے امریکا میں نہ کی تو اسے 25 فیصد ٹیرف کا سامنا کرنا پڑے گا۔