شیر کا بچہ رکھنے پر ٹک ٹاکر رجب بٹ کو50ہزارجرمانہ

عدالت میں جو مرضی ،وی لاگ میں جانوروں کے تحفظ بارے گفتگو کرنیکا حکم
لاہور(سلمان اعوان)جوڈیشل مجسٹریٹ  نیغیرقانونی طور پر شیر کا بچہ رکھنے کے الزام میں ٹک ٹاکر رجب بٹ کو 50 ہزار روپے جرمانہ کردیا اور ایک سال کمیونٹی سروس فراہم کرنے کی سزاکا حکم دیاہے۔عدالت نے فیصلے میں کہاکہ رجب بٹ نے شیر کا بچہ غیر قانونی طور پر اپنے پاس رکھنے کا اعتراف جرم کیا ہے،رجب بٹ ہر ماہ اپنے پانچ منٹ کے وی لاگ میں جانوروں کے حقوق کے بارے گفتگو کریں گے، یہ وی لاگ ہر ماہ کے پہلے ہفتہ میں پروبیشن آفیسر کی اجازت کے بعد اپلوڈ ہو گا۔ رجب بٹ نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا تھاکہ میرے علم میں نہیں تھا کہ جنگلی جانور تحفے کے طور پر وصول نہیں کئے جا سکتے،میں رضاکارانہ طور پر اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے کمیونٹی سروس فراہم کروں گا۔واضح رہے کہ کمیونٹی سروس دراصل سماجی بہتری کیلئے کام کو کہا جاتا ہے جو عدالت ایک مجرم کو سزا کے طور پر کرنے کا کہتی ہے۔ گزشتہ سال دسمبر میں پنجاب پولیس نے محکمہ وائلڈ لائف کے ہمراہ رجب بٹ کے گھر پر چھاپہ مار کر لائسنس کے بغیر شیر کا بچہ اور غیرقانونی رائفل رکھنے پر انہیں حراست میں لے لیا تھا۔