حکومت کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع ہو سکتے ہیں: شوکت یوسفزئی

 حکومت غلط فہمی میں نہ رہے ، عمران خان نے تحریک کا اعلان کیا تو لوگ دوبارہ سڑکوں پر نکلیں گے
 پشاور(آئی این پی )پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے حکومت کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ شوکت یوسفزئی نے مذاکرات ختم ہونے کے حوالے سے وفاقی وزرا کے بیانات پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات ختم کرنے کی ذمے دار خود حکومت اور حکمرانوں کا غیر سنجیدہ رویہ ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے مذاکرات کسی خوف ، دبائو اورکسی کے کہنے پر نہیں ملک کی خاطر کیے تھے،بدقسمتی سے حکومت نے مذاکرات کو گڈا گڈی کا کھیل سمجھا۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ حکومت آج بھی سنجیدہ ہو جائے اور جوڈیشل کمیشن بنانے کا اعلان کر دے مذاکرات دوبارہ شروع ہو جائیں گے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وزیراعظم تحریک انصاف کو ملک دشمن اور وزراء انتشاری و دہشت گرد قرار دے رہے ہیں، ایسے ماحول میں مذاکرات نہیں کیے جا سکتے۔ حکومت کو ملک کی فکر ہے تو ہمارے مطالبات کو تسلیم کرے، تحریک انصاف آج بھی ملک کی سب سے پاپولر اور بڑی سیاسی جماعت ہے، حکومت غلط فہمی میں نہ رہے ، عمران خان نے تحریک کا اعلان کیا تو لوگ دوبارہ سڑکوں پر نکلیں گے۔