مذاکرات بے نتیجہ ہوئے تو سول نافرمانی کی تحریک سے حکومت کیلئے مشکلات پیدا ہوں گی،پی ٹی آئی رہنما
پشاور(آئی این پی ) پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے مذاکرات کو این آر او کا رنگ دینا افسوسناک ہے۔وفاقی وزراء کے بیانات پر رد عمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وفاقی وزراء کے اس حوالے سے بے سروپا بیانات سمجھ سے بالاتر ہیں، حکومت اپنے وزراء کو مذاکرات کے حوالے سے غیر ضروری بیان بازی سے روکے۔سینئر رہنما شوکت یوسف زئی نے کہا کہ ملک کو معاشی دلدل اور سیاسی بحران سے نکالنے کے لیے پاکستان تحریک انصاف مذاکرات کرنا چاہتی ہے لیکن حکومت نے سنجیدگی نہ دکھائی تو مذاکرات کا عمل متاثر ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مذاکراتی کمیٹی کی اب تک عمران خان سے ملاقات نہیں کروائی گئی جس سے حکومت کی بدنیتی ظاہر ہو رہی ہے، لگتا ہے حکومت خوف میں مذاکرات کر رہی ہے۔شوکت یوسف زئی نے کہا کہ مذاکرات بے نتیجہ ہوئے تو سول نافرمانی کی تحریک سے حکومت کے لیے مشکلات پیدا ہوں گی۔