پی ٹی آئی کے جنیداکبر بلا مقابلہ چیئرمین پی اے سی منتحب

مسلم لیگ  ن کے ڈاکٹر طارق فضل چودھری‘    پی ٹی آئی اے کے  عمر ایوب اور سینیٹر شبلی فراز نے جنید اکبر کا نام تجویز کیا
حکومت اور پارٹی کا شکر گزار ہوں،  کوشش کروں گا  اچھے  انداز سے ذمہ داری نبھاؤں، میرے لئے یہ نئی چیز ہے:جنید اکبر

اسلام آ باد(بیورو رپورٹ‘مانیٹرنگ ڈیسک)حکومت اور اپوزیشن کی اتفاق رائے سے پاکستان تحریک انصاف  کے رکن جنید اکبر خان کو قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین منتخب کردیا گیا۔پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس اسپیشل سیکریٹری محمد مشتاق کی زیر صدارت ہوا جہاں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے ڈاکٹر طارق فضل چودھری، قائد حزب اختلاف عمر ایوب اور شبلی فرازنے پاکستان تحریک انصاف  کے جنید اکبر کا نام چیئرمین کے لیے تجویز کیا۔مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر افنان اللہ خان اور قاسم نون نے جنید اکبر کے نام کی تائید کی۔پی ٹی آئی کے ریاض فتیانہ اور مسلم لیگ (ن) کے تمام اراکین نے بھی جنید اکبر کے نام کی تائید کی، جس کے بعد جنید اکبرخان کو بلا مقابلہ چیئرمین پی اے سی منتخب کیا گیا۔جنید اکبر خان نے کہا کہ تمام اراکین کا شکر گزار ہوں، ہماری خواہش تھی شیخ وقاص اکرم چیئرمین پی اے سی بنیں، 11سال رکن اسمبلی رہا مگر پی اے سی کا تجربہ نہیں ہے۔ ساتھی اراکین کے ساتھ بہتر انداز میں ذمہ داریاں نبھانے کی کوشش کروں گا۔ حکومت اور پارٹی کا شکر گزار ہوں، میں کوشش کروں گا کہ اچھے سے ذمہ داری نبھاؤں، میرے لیے یہ نئی چیز ہے، سارے سینئر لوگ ہیں، ہم ان سے سیکھیں گے۔کہ جو ذمہ داری میرے قائد نے دی اسے اچھے طریقے سے نبھاؤں گا۔