عمران خان کو شفا ہسپتال منتقل کرنے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر

عمران خان کو شفا ہسپتال منتقل کرنے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر

اسلام آباد: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیر اعظم عمران خان کو فوری طور پر شفا ہسپتال منتقل کرنے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔

درخواست بانی پی ٹی آئی کے وکلاء لطیف کھوسہ، شہباز کھوسہ اور حمزہ ستار کی جانب سے دائر کی گئی۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان کو فوری طور پر شفا ہسپتال منتقل کیا جائے تاکہ ان کا ماہر امراض چشم کے ذریعے آنکھ کا معائنہ کیا جا سکے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان اور عاصم یوسف کو ان تک رسائی دی جائے اور علاج کے تمام مراحل ان کے ذاتی معالج کی نگرانی میں مکمل کیے جائیں۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ فوری طور پر اقدام کیا جائے تاکہ عمران خان کی صحت کو لاحق خطرات کو ٹالا جا سکے اور مناسب طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ذرائع کے مطابق، یہ درخواست ایسے وقت میں دائر کی گئی جب بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے اہل خانہ اور پارٹی رہنما شدید تشویش کا اظہار کر رہے ہیں اور وہ مستقل طور پر ملاقات اور علاج میں رکاوٹوں کی شکایت کر رہے ہیں۔