علی امین گنڈاپور سابق وزیر اعلیٰ سے سکیورٹی واپس

پختونخوا حکومت پر تنقید مہنگی پڑ گئی علی امین گنڈاپور نے سکیورٹی واپس لیے جانے کی تصدیق کردی
 پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک )خیبرپختونخوا کے سابق وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور سے سکیورٹی واپس لے لی گئی تاہم وزیراعلیٰ ہائوس پشاور نے سکیورٹی واپس لینے کی خبروں کی تردید کی ہے، علی امین گنڈاپور نے سکیورٹی واپس لیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے اپنی پارٹی کی حکومت پر برہمی کا اظہار کیا ہے،میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ رات گیارہ بجے وزیرِ اعلیٰ کے ڈپٹی سی ایس او نے میرے سکیورٹی اہلکاروں کو کال کی اور کہا کہ سی ایس او کا حکم ہے کہ آپ سب کلوز ہوجائیں،میرے پاس ایک جیمر، دو ڈبل کیبن اور ڈرائیور سمیت 14 افراد کا سٹاف تھا، ڈی آ ئی خان ایک حساس علاقہ ہے اور مجھے پہلے ہی تھریٹس ہیں، علی امین گنڈا پور نے کہا کہ وزیراعلیٰ ہائوس میں اگر گاڑیاں کم ہیں تو میں اپنے گاڑیاں بھیج دوں گا، اب سکیورٹی مجھے واپس کرنے کی کوئی ضرورت نہیں، دوبارہ گاڑی یا سکیورٹی دی گئی تو میں نہیں لوں گا، انہوں نے کہا کہ صوبے میں ہماری حکومت ہے لیکن پھر بھی یہ بلا جواز اقدام کیا گیا ہے۔دوسری طرف وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے پریس سیکر ٹری نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی جانب سے علی امین گنڈاپور کی سکیورٹی واپس لینے سے متعلق زیر گردش دعووں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔