دفاعی چمپئین کیلئے اگر مگر کا کھیل بھی ختم ہو گیا ،، بنگلادیش کے خلاف گروپ میچ رسمی کارروائی ہوگا
لاہور(سپورٹس ڈیسک)چیمپئنز ٹرافی 2025ء میں دفاعی چیمپئن اور میزبان پاکستان کا سفر تمام ہوگیا، قومی ٹیم ایونٹ کے سیمی فائنل کی دوڑ سے آؤٹ ہوگئی، بنگلادیش کے خلاف گروپ میچ رسمی کارروائی ہوگا۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے چھٹے میچ میں ہی ایونٹ کی دو بڑی ٹیمیں آوٹ ہوگئیں، نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں بنگلادیش کی شکست کے ساتھ ہی پاکستانی ٹیم بھی باہر ہوگئی۔گزشتہ روز بھارت سے 6 وکٹ سے شکست کے بعد پاکستانی شائقین کرکٹ نے ایونٹ میں قومی ٹیم کی موجودگی کیلیے بنگلادیش سے امیدیں وابستہ کرلی تھیں۔نیوزی لینڈ اور بنگلادیش کے میچ کے اختتام کے ساتھ ہی چیمپئنز ٹرافی کے گروپ اے سے سیمی فائنلسٹ بھارت اور نیوزی لینڈ بن گئے ہیں۔ چیمپئنز ٹرافی کے چھٹے میچ میں نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ پکی کرلی اوراس کے ساتھ ہی دفاعی چیمپئن اور میزبان پاکستان کا ’’اگرمگر ختم ‘‘ہوگیا اور قومی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے آوٓٹ ہوگئی، بنگلہ دیش کیخلاف پرسوں گروپ میچ رسمی کارروائی ہوگا۔ شکست کے بعد بنگلہ دیش بھی سیمی فائنل کی دوڑسے باہرہوگیا اور ٹورنامنٹ کے گروپ اے سے سیمی فائنلسٹ بھارت اور نیوزی لینڈ بن گئے۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں کھیلے گئے ایونٹ میچ میں کیویز نے 237 رنز کا ہدف 46.1 اوورز میں 5 وکٹوں پر حاصل کرلیا،کیویز کی جانب سے رچن رویندرا 112 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ٹام لیتھم 55، ڈیوون کانوے 30، کین ولیمسن 5 بنا کر پویلین لوٹے۔گلین فلپس 21 اور مائیکل بریسویل 11 رنز بنا کر ناٹ آوٓٹ رہے۔بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد، مستفیض الرحمان ، ناہید رانا اور رشاد حسین نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں نیوزی لینڈ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگا ل ٹائیگرزنے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 236 رنز بنائے۔ اوپنر تنزید حسن 24 ،مہدی حسن میراز 13 ،توحید ہردوئے 7، مشفق الرحیم 2، محمود اللہ 4 رنز، نجم الحسین شانتو 77 ،جاکر علی 45، رشاد حسین 26 ، تسکین احمد 10 اورمستفیض الرحمان 3رنز بناسکے جبکہ ناہید رانا صفر کے سکور پر ناٹ آوٓٹ رہے۔کیویز کی طرف سے مائیکل بریسویل نے 4، ول او رورک نے 2، میٹ ہینری اور کائل جیمیسین نے ایک، ایک کھلاڑی کو آوٓٹ کیا۔