گنڈاپور کو اصلاح کیلئے ایک ماہ کی مہلت دیتے ہیں:گورنر خیبرپختونخوا

عید کے بعد دمادم مست قلندر کریں گے،  خیبر پختونخوا اسمبلی کے سامنے بیٹھیں گے
وزیراعلی اپنا ضلع نہیں سنبھال سکتا، وہ صوبے کو کیسے سنبھالیں گے:فیصل کریم کنڈی
پشاور(آئی این پی)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے  وزیراعلی کے پی علی امین گنڈاپور کو اصلاح کے لیے ایک ماہ کی مہلت ہے، پھر ہم بتائیں گے کہ دھرنا کسے کہتے ہیں۔صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ بنکرز اور مورچے بنے۔ کیا صوبائی حکومت اتنی غفلت میں تھی کہ بنکرز بن گئے۔اس کی تحقیقات ہونی چاہیے کہ بنکرز کیسے بنے۔ وزیراعلی جواب دہ ہے کہ صوبے میں امن کی صورتحال کیوں خراب ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی اپنا ضلع نہیں سنبھال سکتا، وہ صوبے کو کیسے سنبھالیں گے۔ ہماری دیکھا دیکھی وزیراعلی نے اے پی سی اور علما کانفرنس بلائی۔ وزیراعلی اسلام آباد کو فتح کرنے کی بات کرتے ہیں لیکن 25 کلومیٹر کا روڈ نہیں کھول سکتے۔ ہماری نظریں سکیورٹی فورسز پر ہیں کہ صوبے میں امن قائم کریں۔فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے کسانوں پر ٹیکس لگایا، ہم نے اس کے لیے آواز اٹھائی۔ کسانوں پر ٹیکس ناقابل قبول ہے۔