میرے خلاف حق گوئی کرنے پر پابندیاں لگتی ہیں:جاوید لطیف

2017میں سی پیک کو بند کروانے کے لئے نواز شریف کو نا اہل کیا گیا :لیگی رہنما

مانانوالہ (آن لائن) نواز لیگ کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ میرے خلاف حق گوئی کرنے پر پابندیاں لگتی ہیں، سی پیک پاکستان کی ترقی کا ضامن ہے جس کو چلانے پر اس وقت کی اسٹیبلشمنٹ اور دیگر اداروں نے مل کر میاں نواز شریف کو 2017 میں نااہل قرار دلوا دیا تاکہ پاکستان میں چین کی سرمایہ کاری اور سی پیک کے منصوبوں کو بند کروایا جا سکے انہوں نے ان خیالات کا اظہار فیصل اباد روڈ کے گاؤں کدلتھی موڑ میں نواز لیگ کے کارکنوں اور شہریوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جو ریاست کی خدمت کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر چلانے کی کوشش کرتا ہے اس کو نشان عبرت بنا دیا جاتا ہے اور ریاست کو برباد کرنے والوں کو اعلی مقام دیا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ اج میرے ملک کا نوجوان ڈگریاں اٹھا کر روزگار کی تلاش میں کشتیوں میں ڈوب کر مر رہا ہے یہ ریاست کی سراسر ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے