بوگیوں کاپٹڑی سے اترنا معمول‘ٹرینوں میں سفرغیر محفوظ

لاہور ڈویژن میں ٹریک کی حالت خراب‘ ایک ماہ  میں چار ٹرینیں پٹڑی سے اتر چکی ہیں
لاہور(شہزاد راجپوت) پاکستان ریلوے کی ناقص کارکردگی اور بنیادی ڈھانچے کی خستہ حالی کے باعث مسافروں کے لئے سفری سہولیات مزید غیر محفوظ ہوگئی ہیں۔ سکھر کے بعد اب لاہور ڈویژن میں بھی آئے روز ٹرینوں کا پٹڑی سے اترنا معمول بنتا جارہا ہے۔ جس سے ریلوے کی کارکردگی اور انتظامیہ کی نااہلی کھل کر سامنے آگئی ہے۔ لاہور ڈویژن میں ٹریک کی حالت انتہائی مخدوش ہے اور مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے مسلسل حادثات پیش آ رہے ہیں۔ گزشتہ ایک ماہ کے دوران لاہور ڈویژن میں چار ٹرینیں پٹڑی سے اتر چکی ہیں۔ جس نے مسافروں کی زندگیاں دائو پر لگا دی ہیں۔ دوسری جانب ریلوے افسران کی غفلت اور عدم توجہی کے باعث حادثات کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ریلوے ذرائع کا کہنا ہے  لاہور ریلوے ٹریک کی مناسب دیکھ بھال نہیں کی جارہی ہے۔ جس کے باعث حادثات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ انسپکشن کا فقدان، مکینیکل اور سول شعبے کی نااہلی اور افسران کی بے حسی ان حادثات کی بڑی وجوہات میں شامل ہیں۔