افغانستان سے دہشتگردوں نے تاجکستان میں سرحد پار حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں مسلح جھڑپ کے دوران تاجک بارڈر گارڈ کے دو اہلکار ہلاک ہو گئے۔
تاجک حکام کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں افغانستان سے داخل ہونے والے تین دہشتگرد مارے گئے۔ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ، دستی بم اور نائٹ ویژن ڈیوائسز برآمد ہوئی ہیں۔تاجک حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ افغان طالبان نے بین الاقوامی ذمہ داریوں اور تاجکستان کے ساتھ ریاستی سرحد پر سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کے وعدوں کی خلاف ورزی کی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ تاجکستان دہشتگرد گروہوں اور اسمگلروں کے حملوں کے خلاف اپنی علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔تاجک حکام کے مطابق افغانستان سے چند روز کے دوران سرحد پار یہ تیسرا حملہ ہے، جس سے سرحدی سلامتی کے حوالے سے شدید تشویش پیدا ہو گئی ہے۔