انصاف یہی ہے ایک کا ملٹری ٹرائل ہو گا تو سب کا ہونا چاہیے‘ستارے حرکت میں آگئے، عمران خان جلد رہا ہوں گے‘عمران نے کہا ہے بات چیت حکومت کیساتھ نہیں، مقتدر لوگوں سے ہونی چاہیے
بانی پی ٹی آئی کو مشورہ دوں گا نظربندی والی تجویز پر عمل نہ کریں، مجھے ان غاصبوں اور قابض مافیا سے ملک آزاد کرانا ہے‘یہ اپنے ہاتھوں سے اپنی قبر کھود رہے ہیں:پشاور میں میڈیا سے گفتگو
پشاور(آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک )سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے سیاست میں حصہ لینے والے تمام فوجی افسروں کے خلاف تحقیقات ہونی چاہیے،عمران نے کہا ہے کہ مذاکرات کرو، بات چیت حکومت کے ساتھ نہیں، مقتدر لوگوں سے ہونی چاہیے، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے ہمراہ پشاور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عارف علوی نے کہا ہمارا سارا وقت اس بات پر گزر جاتا ہے اس کو پکڑو، اس کو پکڑو، مذاکرات والے یہاں ہیں، ملک کا وقت ضائع ہو رہا ہے۔انہوںنے کہا ہے کہ ستارے حرکت میں آگئے ہیں، تبدیلی آنیوالی ہے، عمران خان جلد رہا ہوں گے۔پشاور ہائیکورٹ کے باہر اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا لوٹنے والے حکومت اور پارلیمنٹ میں بیٹھے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو دور رکھنے کیلئے انہوں نے جمہوریت کو تباہ کردیا، بانی پی ٹی آئی 90 فیصد عوام کا نمائندہ ہے، عوام کی دھڑکنیں عمران خان کیساتھ جڑی ہیں۔انہوں نے کہا کیا بانی پی ٹی آئی کا نام نہیں لے سکتے؟ کرکٹ میچوں میں بھی کہہ دیا ہے عمران خان کا نام لیا گیا تو رائٹس لے لیں گے، یہ اپنی حرکتوں سے 2018 میں پہنچ چکے ہیں، سب دوبارہ سے شروع کرنا پڑے گا، یہاں ہم ملک کے حوالے سے غمزدہ ہیں، مجھے ان غاصبوں اور قابض مافیا سے ملک آزاد کرانا ہے۔عارف علوی کا کہنا تھا ملٹری کورٹس میں سویلینز کے ٹرائل چلائیں گے تو دنیا مذمت کرے گی‘ انہوں نے کہا بانی پی ٹی آئی کو مشورہ دوں گا ہاؤس اریسٹ والی تجویز پر عمل نہ کریں، تمام مسنگ پرسنز کی تحقیقات حکومت کا کام ہے، جن لوگوں نے سیاست میں حصہ لیا یا لے رہے ہیں سب کا ٹرائل ہونا چاہیے، انصاف یہی ہے ایک کا ملٹری ٹرائل ہو گا تو سب کا ہونا چاہیے، یہ اپنے ہاتھوں سے اپنی قبر کھود رہے ہیں، میں جناح ہاؤس کا نہیں قائداعظم کے اقوام کا پرستار ہوں۔