بالی ووڈ کی معروف کامیڈین جانی لیور کی بیٹی اور اداکارہ جیمی لیور نے سوشل میڈیا پر گردش کرتی ہوئی خبریں اور وائرل ہونے والی AI سے تیار کردہ ویڈیوز کی حقیقت واضح کر دی ہے۔
گزشتہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر یہ دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ جیمی لیور اور گووندا کے بیٹے یش وردھن آہوجا شادی کرنے والے ہیں۔ تاہم، جیمی نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے ان تمام افواہوں کو جھوٹ اور بے بنیاد قرار دیا۔انہوں نے بتایا کہ شروع میں انہیں اور ان کے کزنز کو یہ AI سے تیار کردہ ویڈیوز دلچسپ لگیں اور وہ انہیں دیکھ کر ہنستے رہے، لیکن معاملہ اس وقت سنجیدہ ہو گیا جب لوگوں نے انہیں فون کر کے شادی کی مبارک باد دی۔اداکارہ نے انکشاف کیا کہ اس جعلی خبریں پھیلانے کے سبب ان کے اصل شادی کے رشتے بھی رُک گئے ہیں کیونکہ لوگوں نے سمجھ لیا کہ ان کی شادی پہلے ہی ہو چکی ہے۔
جیمی نے وائرل ویڈیوز بنانے اور شیئر کرنے والوں سے درخواست کی کہ وہ انہیں ہٹا دیں، اور واضح کیا کہ شادی سے متعلق تمام معلومات غلط ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی اصل شادی کی خبر کے لیے مداحوں کو انتظار کرنا ہوگا۔اس کے علاوہ، جیمی نے یش وردھن آہوجا کا نام لیے بغیر بتایا کہ جس شخص کے ساتھ ان کی شادی کی افواہ پھیلائی جا رہی ہے، وہ ان کے لیے چھوٹے بھائی کی طرح ہیں اور دونوں ایک فلم میں ساتھ کام بھی کر رہے ہیں۔