آڈٹ رپورٹ میں 5 ارب 63 کروڑ سے زائد اراضی پر نجی و سرکاری قبضے کی تفصیل سامنے آئی
1980ء سے 2024ء تک قبضے قائم رہے، تین بار نشاندہی کے باوجود ریکوری نہ ہو سکی،ذرائع
لاہور( خصوصی رپورٹ) پاکستان ریلوے کی قیمتی اراضی پر اربوں روپے مالیت کی تجاوزات کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ ریلوے آڈٹ رپورٹ برائے 2024-25 کے مطابق 8 ہزار 372 مرلے سے زائد زمین پر نجی و سرکاری اداروں نے قبضہ جما رکھا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریلوے اراضی کی مجموعی مالیت 5 ارب 63 کروڑ 40 لاکھ روپے سے زائد ہے۔ انکشاف ہوا ہے کہ قبضے 1980ء سے 2024ء کے دوران قائم کیے گئے جبکہ اس معاملے کی نشاندہی مسلسل تین آڈٹ رپورٹس (2019-20، 2021-22 اور 2023-24) میں بھی کی جا چکی ہے۔ آڈٹ حکام کے مطابق ایک ہی مسئلے کا بار بار سامنے آنا تشویشناک ہے۔ رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ ریلوے اراضی کی ریکوری کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں اور اس غفلت کے ذمہ داران کا تعین بھی کیا جائے۔