16 اگست کی رات متاثرہ خاندان نے ریسٹورنٹ سے کھانا کھایا تھا
6 سالہ تحریم اور 4 سالہ ارحا نے ہسپتال میں دم توڑا، بھائی حاشر صحتیاب ہوگیا
لاہور( کرائم رپورٹر) لاہور کے علاقے پی آئی اے روڈ پر واقع ریسٹورنٹ سے کھانا کھانے سے 2 کمسن بچیاں جاں بحق ہوگئیں۔ پولیس نے ریسٹورنٹ مالک سمیت7 ملازمین کو گرفتار کر کے مختلف پہلوئوں سے تفتیش شروع کر دی۔پولیس کے مطابق مقدمہ متاثرہ بچیوں کے والد محمد عظیم کی مدعیت میں تھانہ ستوکتلہ میں درج کیا گیا ہے۔ واقعے کی تفصیلات کے مطابق 16 اگست کی رات متاثرہ خاندان نے ریسٹورنٹ سے کھانا خریدا، جس کے بعد تینوں بچوں کی طبیعت اچانک خراب ہو ئی۔6 سالہ تحریم اور 4 سالہ ارحا کو فوری طور پر شیخ زید ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ 18 اور 19 اگست کی درمیانی رات کے دوران جانبر نہ ہو سکیں۔ متاثرہ بچیوں کا بھائی حاشر بھی بیمار ہوا تاہم بروقت علاج سے صحت یاب ہو گیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ریسٹورنٹ کی جانب سے مبینہ طور پر فراہم کیے گئے زہریلے کھانے کے معاملے کی باریک بینی سے تفتیش جاری ہے اور ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔