برگر ،شوارما کھانے سے 40 افراد کی حالت غیر

متاثرین ہسپتال داخل ، خواتین اوربچے بھی شامل ، تعداد میں اضافے کا خدشہ فوڈ پوائنٹ سیل 
جلالپور بھٹیاں ،حافظ آباد(خصوصی رپورٹ )معروف فاسٹ فوڈ پوائنٹ سے مضر صحت پیزا،برگر اور شوارما کھانے سے 40سے زائد افراد کی حالت غیر ہو گئی ،متاثرہ افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں،فوڈ اتھارٹی نے فاسٹ فوڈ پوائنٹ کو سیل کر کے مالک عرفان سمیت 2 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرا دیا۔ بتایاگیا ہے کہ فاروق اعظم روڈ پر واقع فاسٹ فوڈ پوائنٹ سے گزشتہ رات متعدد شہریوں نے مضر صحت برگر،شوارما کھایا جس سے انکی حالت بگڑ گئی،بچوں سمیت40سے زائد متاثرہ افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انکا علاج معالجہ جاری ہے۔ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ علا وہ ازیں فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے فاسٹ فوڈ پوائنٹ کو سیل کرتے ہوئے 40 کلو غیر معیاری گوشت، 16 لٹر آئل، 15 کلو مایونیز، بڑی مقدار میں فرائز اور سلاد تلف کر دیا۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق فاسٹ فوڈ پوائنٹ پر صفائی کے ناقص انتظامات اور کھانے کی متعدد اشیا زائد المیعاد تھیں۔