غزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری، مزید 64 فلسطینی شہید، کُل شہادتیں 62 ہزار 686 ہوگئیں

غزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری، مزید 64 فلسطینی شہید، کُل شہادتیں 62 ہزار 686 ہوگئیں

غزہ میں اسرائیلی جارحیت ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے اور شہری آبادی براہِ راست نشانہ بن رہی ہے۔

 تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فضائی اور زمینی حملوں میں درجنوں افراد شہید ہو گئے ہیں۔فلسطینی وزارتِ صحت نے تصدیق کی ہے کہ آج صبح سے اب تک مزید 64 فلسطینی شہید ہوئے ہیں جن میں بچے، خواتین اور امداد کے منتظر شہری شامل ہیں۔ جنوبی غزہ میں ایک ہلاکت خیز واقعہ اس وقت پیش آیا جب اسرائیلی فوج نے جی ایچ ایف کے فوڈ ڈسٹری بیوشن پوائنٹ کے قریب کھڑے افراد پر حملہ کیا، جس میں کم از کم 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے قبل بھی امداد حاصل کرنے کے لیے قطاروں میں موجود بے شمار فلسطینیوں کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔وزارتِ صحت غزہ کے مطابق اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں 62 ہزار 686 فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 57 ہزار 951 زخمی ہو چکے ہیں۔ ان میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق صرف مئی 2025 سے اب تک 2095 امداد کے منتظر افراد شہید اور 15 ہزار 431 زخمی ہو چکے ہیں۔ یہ افراد زیادہ تر خوراک اور ادویات کے حصول کے دوران نشانہ بنے۔بین الاقوامی ادارے مسلسل خبردار کر رہے ہیں کہ غزہ میں انسانی بحران سنگین سے سنگین تر ہوتا جا رہا ہے۔ اسپتالوں میں ادویات، ایندھن اور آلات کی کمی ہے جبکہ لاکھوں افراد خیموں اور کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے اسرائیل سے بارہا مطالبہ کیا ہے کہ وہ شہری آبادی اور امدادی مراکز کو نشانہ بنانا بند کرے، تاہم تاحال حملوں میں کوئی کمی نظر نہیں آ رہی۔