برفانی پہاڑ کے ٹکڑے گرنے سے بنی جھیل کی سطح میں 8 فٹ تک کمی

گلگت(آن لائن) گلگت بلتستان کے ضلع غذر کے گاؤں تالی داس میں برفانی پہاڑ کے ٹکڑے گرنے سے بننے والی 8 کلومیٹر جھیل کے پانی میں اخراج کی وجہ سے 8 فٹ تک کمی آ گئی۔محکمہ اطلاعات کے افسر منیر اے جوہر کی طرف سے بارشوں اور سیلاب کی صورتحال پر جاری بیان میں بتایا ہے کہ ضلع غذر جہاں 3 روز قبل برفانی جھیل پھٹ جانے کے نتیجے میں خوفناک سیلابی ریلا آیا تھا اور ریلے کے ملبے سے دریا کا پانی بند ہونے سے 8 کلومیٹر پر محیط جھیل بنی تھی، اب پانی کے اخراج سے جھیل کے پانی میں 8 فٹ تک کمی آئی ہے۔بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ جھیل کا بند ٹوٹ جانے سے نشیبی علاقوں کو خطرات ہیں، اس بنا پر گلگت کے حدود میں متعدد ہوٹلوں کو سیل کر دیا گیا ہے اور دریائے گلگت کے کناروں پر آباد چند گھرانوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کر دیاگیا ہے۔