جہاں بھی ویزے کا مسئلہ ہوا ہم ترجیحی بنیادوں پر حل کرائیں گے،مہمانوں کے لئے ہر سطح پر آسانیاں پیدا کی جائیں گی
ہر سال باقاعدگی سے تبلیغی اجتماع آتا ہوں ،رواں برس بھی آئوں گا: وزیر داخلہ کی تبلیغی مرکز رائیونڈ میں اکابرین سے گفتگو
لاہور (آئی این پی )وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے تبلیغی اجتماع کیلئے بیرون ممالک سے آنے والے وفود کیلئے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ جہاں بھی ویزے کا مسئلہ ہوا ہم ترجیحی بنیادوں پر حل کرائیں گے،مہمانوں کے لئے ہر سطح پر آسانیاں پیدا کی جائیں گی ۔وفاقی وزیر داخلہ نے تبلیغی مرکز رائیونڈ آمد،تبلیغی جماعت کے اکابرین مولانا محمد احمد بٹلر،مولانا عبید اللہ خورشید،ڈاکٹر سلیم اور دیگر سے ملاقات کی۔ تبلیغی جماعت کے اکابرین نے محسن نقوی کو نومبر میں ہونے والے عالمی تبلیغی اجتماع کے انتظامات سے آگاہ کیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے دین اسلام کے لئے تبلیغی جماعت کے اکابرین کی خدمات کو سراہا۔وزیر داخلہ نے تبلیغی اجتماع کے لئے بیرون ممالک سے آنے والے وفود کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر انوار غنی، میاں احسن،ڈاکٹر ندیم اشرف،مولانا عامر احسان،مولانا امجد فاروق، شبیر احمد عثمانی، مفتی عرفان اور بریگیڈئر (ر) مصدق موجود تھے۔محسن نقوی نے کہا کہ جہاں بھی ویزے کا مسئلہ ہوا ہم ترجیحی بنیادوں پر حل کرائیں گے،تبلیغی اجتماع کے لئے بیرون ممالک سے آنے والے وفود ہمارے معزز مہمان ہیں۔ وزیر داخلہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مہمانوں کے لئے ہر سطح پر آسانیاں پیدا کی جائیں گی،ہر سال باقاعدگی سے تبلیغی اجتماع آتا ہوں، انشااللہ رواں برس بھی آئوں گا،اللہ تعالی تبلیغی اجتماع کے منتظمین کو نیک کام جاری رکھنے کا اجر دیں گے