وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی نجکاری کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں قومی ایئر لائنز کی نجکاری کے طریقہ کار میں شفافیت کو مرکزی اہمیت دینے کی ہدایت دی گئی۔
وزیرِاعظم نے نجکاری کے عمل کو مکمل شفاف بنانے کے لیے کہا کہ اس کا عمل براہِ راست ٹیلی ویژن اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر نشر کیا جائے تاکہ عوام کو مکمل طور پر آگاہی ہو سکے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نجکاری کے عمل میں سرمایہ کاروں کو مکمل اعتماد میں لیا جائے اور روڈ شوز منعقد کیے جائیں تاکہ اس عمل میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت کو یقینی بنایا جا سکے۔اجلاس میں قومی ایئر لائن کی مجوزہ نیلامی کے طریقہ کار، درکار مدت اور نیلامی میں شرکت کی شرائط پر تفصیل سے بات کی گئی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ انویسٹر آؤٹ ریچ کے لیے کنسلٹنٹ کے ساتھ مل کر جامع حکمتِ عملی تیار کی گئی ہے، جس پر عمل درآمد جاری ہے۔وزیرِاعظم نے قومی ایئر لائن کی نجکاری کے عمل کو کامیاب بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کی ہدایت دی۔