مقبوضہ کشمیر کو بھارتی حصہ قراردینے پر امریکی ناظم الامور کی دفترخارجہ طلبی‘ شدید احتجاج

بھارت میں امریکی سفیر کا بیان غیر ذمہ دارانہ اور حقائق کے منافی ہے‘ امریکہ کے دیرینہ موقف اور بین الاقوامی قانون سے متصادم ہے:ترجمان
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)دفتر خارجہ کے اعلامیے کے مطابق امریکی ناظم الامور کو طلب کرکے شدید احتجاج کیا، بھارت میں امریکی سفیر کے غیر ذمے دارانہ اور حقائق کے منافی ریمارکس پر احتجاج کیا گیا۔دفتر خارجہ کے مطابق امریکی ناظم الامور سے کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا حصہ قرار دینے کے امریکی سفیر کے بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہیں۔دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر سے متعلق حتمی فیصلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا باقی ہے۔یہ بھی کہا گیا  امریکی سفیر کا بیان امریکا کے دیرینہ موقف اور بین الاقوامی قانون سے متصادم ہے۔دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے کشمیر پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش کا خیر مقدم کیا ہے، ڈیمارش  اسلام آباد میں امریکی ناظم الامور کے حوالے کیا گیا۔