بھارت کی ریاست اتر پردیش کے گریٹر نوئیڈا میں یمنا ایکسپریس وے پر سلیپر بس میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 9 مسافر ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق حادثے کے وقت بس میں تقریباً 35 مسافر سوار تھے، جن میں سے بیشتر سو رہے تھے۔ حادثہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب تقریباً 11 بجے جیور کے علاقے میں پیش آیا۔ بس نوئیڈا سے اتر پردیش کے شہر مہوبا جا رہی تھی کہ دورانِ سفر اس میں آگ بھڑک اٹھی۔آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث متعدد مسافر اندر پھنس گئے۔ کئی مسافروں نے دروازوں اور کھڑکیوں سے نکل کر جان بچانے کی کوشش کی، جبکہ ریسکیو اہلکاروں نے بھی متعدد افراد کو بحفاظت باہر نکالا۔پولیس کے مطابق تقریباً 20 مسافروں کو محفوظ طور پر ریسکیو کرلیا گیا، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق بس کے ایئر کنڈیشننگ سسٹم میں چنگاری یا دھماکے کے بعد انجن کا لبریکینٹنگ آئل آگ کی زد میں آیا، جس کے باعث شعلے تیزی سے پھیل گئے۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی حتمی وجہ کا تعین مزید تحقیقات کے بعد کیا جائے گا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ، پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور متعدد فائر ٹینڈرز کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا۔ ہلاک ہونے والے مسافروں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے منتقل کردی گئی ہیں۔پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ بس کے ڈرائیور اور کنڈکٹر کو بھی حراست میں لیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ حادثے کے بعد سلیپر کوچز سمیت مسافر بسوں میں حفاظتی انتظامات سے متعلق سوالات بھی اٹھ رہے ہیں۔