ایشین گیمز نئے کھلاڑیوں کیلئے بہترین موقع، بابر اور شاہین کے بغیر بھی ٹیم متوازن ہے: مائیک ہیسن

ٹیسٹ فارمیٹ میں مشکلات تسلیم کرتے ہیں، ٹی ٹوئنٹی رینکنگ اور ون ڈے کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے:جاپان روانگی سے قبل ہیڈ کوچ کی میڈیا سے گفتگو
کراچی(فضیلہ خان)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے ایشین گیمز کا پلیٹ فارم نئے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے کا بہترین موقع فراہم کرے گا۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ قومی اسکواد کل شام جاپان کے شہر ناگویا کے لیے روانہ ہوگا، جہاں کھلاڑی ایشین گیمز میں ملک کی نمائندگی کریں گے۔مائیک ہیسن نے وضاحت کی کہ اولمپک قوانین کے تحت ایشین گیمز کے حتمی اسکواد کا انتخاب پانچ ماہ قبل طے شدہ 30 کھلاڑیوں کی ابتدائی فہرست سے ہی کیا گیا ہے۔ اسی قانون کی وجہ سے فاسٹبائولر شاہنواز دھانی کا انتخاب ممکن نہیں ہو سکا کیونکہ وہ اس وقت کی 30 رکنی فہرست میں شامل نہیں تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور محمد رضوان کی عدم موجودگی کے باوجود موجودہ اسکواد متوازن اور جارحانہ صلاحیتوں کا حامل ہے، جبکہ صاحبزادہ فرحان کے لیے اس ایونٹ میں قیادت کا تجربہ حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے۔ مستقبل کی کپتانی کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اس کا فیصلہ سلیکشن کمیٹی اور پی سی بی چیئرمین کریں گے۔ ہیڈ کوچ نے تسلیم کیا کہ بھارت سے متعدد مرتبہ ہونے والی شکست شائقین کے لیے ایک بینچ مارک اور مایوس کن ہے، تاہم ٹیم کی مسلسل بہتری کے لیے کام جاری ہے تاکہ 2017 کے اس دور کو دوبارہ حاصل کیا جا سکے جب پاکستان ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں نمبر ون تھا۔