والد چل بسے تو احساس ہوا اب میں آزاد ہوں‘ کرن جوہر

میں نے فیصلہ کیا تمام حدود اور رکاوٹیں توڑ کر وہی بنائوں گا جو میں بنانا چاہتا ہوں
ممبئی (شوبز ڈیسک)بالی ووڈ کے معروف فلم ساز کرن جوہر نے حال ہی میں اپنے والد یش جوہر کے گزر جانے کے بعد اپنے فلمی انتخاب میں آنے والی تبدیلیوں کے بارے میں بات کی ہے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق فلم ساز نے بتایا کہ والد زندہ ہوتے تو وہ مجھے فلم کبھی الوداع نہ کہنا بنانے کی اجازت شاید کبھی نہ دیتے۔کرن جوہر نے خصوصی گفتگو میں کہا کہ میں نے اس فلم کی ہدایت کاری سے عین پہلے اپنے والد کو کھو دیا تھا، میرے والد میرے اخلاقی رہنما تھے، کئی حوالوں سے مجھے نہیں لگتا کہ وہ مجھے کبھی یہ فلم بنانے کی اجازت دیتے، کیونکہ وہ بہت روایتی اور قدامت پسند انسان تھے، وہ شاہ رخ خان کو بھی بے حد عزت کی نگاہ سے دیکھتے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ جب وہ چل بسے تو مجھے محسوس ہوا کہ اب وہ نگرانی موجود نہیں رہی، اس لیے میں نے فیصلہ کیا کہ تمام حدود اور رکاوٹیں توڑ کر وہی بنائوں گا جو میں بنانا چاہتا ہوں، مجھے احساس ہوا کہ اب میں آزاد ہوں، اس تجربے کے اختتام پر مجھے محسوس ہوا کہ میں بالغ ہو چکا ہوں۔