فلم ’’کچھ کچھ ہوتا ہے‘‘ نے میرا کیریئر بدل دیا تھا:کرن جوہر

 90 کی دہائی کے آخر میں فلم سازوں کو انڈر ورلڈ کی جانب سے دھمکیوں کا سامنا تھا
ممبئی (شوبز ڈیسک)بھارتی فلم ساز کرن جوہر نے انکشاف کیا ہے کہ 1998 میں ریلیز ہونے والی فلم کچھ کچھ ہوتا ہے نے ناصرف میرے فلمی کیریئر کو بدل دیا بلکہ مشکل حالات میں میرے خاندان کے لیے بھی اہم ثابت ہوئی۔مراکش میں ہونے والے مراکش فلم فیسٹیول کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کرن جوہر نے بتایا ہے کہ 90 کی دہائی کے آخر میں فلم سازوں کو انڈر ورلڈ کی جانب سے دھمکیوں کا سامنا تھا۔کرن جوہر کے مطابق مجھے، والد اور والدہ کو بھی دھمکی آمیز فون کالز موصول ہوتی تھیں، جس کے باعث مجھے ممبئی سے دور رہنے کے لیے لندن جانا پڑا۔انہوں نے بتایا ہے کہ فلم کچھ کچھ ہوتا ہے کی ریلیز کے 5 روز بعد میں فلم کی کارکردگی جاننے کے لیے آدتیہ چوپڑا سے ملنے گیا، ان کو میں نے بتایا کہ میں اپنے والدین کے لیے بڑا گھر خریدنا چاہتا ہوں، جس پر آدتیہ چوپڑا نے مجھے کہا کہ اپنی پسند کا کوئی بھی گھر خرید لو کیونکہ فلم بلاک بسٹر ثابت ہوئی ہے۔کرن جوہر نے بتایا ہے کہ اس خبر پر میرے والدین کا ردِعمل انتہائی جذباتی تھا، کیونکہ تقریبا 20 سال بعد میرے خاندان کو ایسے حالات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔