توانائی کی قیمتیں پاکستان کی معاشی سرگرمیوں پر اثرانداز ہوسکتی ہیں:ایشیائی بینک

پاکستان کی معاشی نمو برقرار، مہنگائی 7.1 فیصد‘ 2027 میں شرح نمو 3.7 فیصد رہنے کا امکان ہے
 صنعتی پیداوار میں 3.5 فیصد اضافہ، بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 6.1 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا:رپورٹ
اسلام آباد (آن لائن)ایشیائی ترقیاتی بینک(اے ڈی بی) کی پاکستان کی معیشت کے بارے میں تازہ جائزہ رپورٹ میں مالی سال 2026 کے دوران اقتصادی سرگرمیوں میں بہتری کی نشاندہی کرتے ہوئے شرح نمو 3.7 فیصد رہنے کا تخمینہ پیش کیا گیا ہے، جبکہ مالی سال 2027 میں بھی شرح نمو 3.7 فیصد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اے ڈی بی کے مطابق خطے میں جاری مشرق وسطیٰ کے تنازع اور توانائی کی بلند قیمتیں آئندہ مالی سال بھی پاکستان کی معاشی سرگرمیوں پر اثرانداز ہوسکتی ہیں۔ اے ڈی بی کے مطابق مالی سال 2025 میں پاکستان کی اقتصادی شرح نمو 3.2 فیصد رہی تھی، جبکہ مالی سال 2026 کے پہلے نو ماہ میں اوسط شرح نمو تقریباً 4 فیصد رہی۔ تاہم مشرق وسطیٰ کے تنازع کے باعث مالی سال کی آخری سہ ماہی میں معاشی سرگرمیوں پر دباؤ آیا۔رپورٹ کے مطابق مالی سال 2026 میں زرعی شعبے کی شرح نمو 2.9 فیصد رہی، جو مالی سال 2025 کی 1.5 فیصد شرح سے بہتر ہے۔ صنعتی پیداوار میں 3.5 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ مینوفیکچرنگ شعبے کی شرح نمو 6.6 فیصد اور بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 6.1 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا