وزیرداخلہ سے امریکی سفیر نیٹلی بیکر کی ملاقات، پاک امریکہ تعلقات اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (آن لائن) وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے اہم ملاقات کی، جس میں پاک امریکا تعلقات کے فروغ، سرمایہ کاری کے نئے مواقع اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ باہمی تعاون کے ذریعے سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات پیدا کیے جا سکتے ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ دنیا اور دہشت گردی کے درمیان پاکستان ایک مضبوط دیوار ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور اس کے عزم کو اجاگر کیا۔امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور کوششوں کو سراہا۔ ملاقات میں خطے میں امن و استحکام کے لیے تعاون اور سکیورٹی امور پر رابطے جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔