لاہور میں پہلی اے آئی بیسڈ گاڑی تیار، جلد تمام ڈرائیونگ ٹیسٹ مراکز کو فراہم کی جائے گی
ریورس گیئر ایک سے زائد بار استعمال کرنے پر سافٹ ویئر ڈرائیور کو خود بخود فیل کردے گا
لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب میں ڈرائیونگ ٹیسٹ کے لیے پہلی بار مصنوعی ذہانت سے لیس گاڑی تیار کر لی گئی ہے۔ آ رٹیفیشل انٹیلجنس کے فیچرز سے مزین یہ پہلی گاڑی لاہور میں تیار کی گئی ہے جس کے ذریعے ڈرائیونگ ٹیسٹ لیا جائے گا۔حکام کے مطابق جلد ہی اے آئی بیسڈ 200 مزید گاڑیاں تیار کرکے صوبے کے تمام ڈرائیونگ ٹیسٹنگ سینٹرز کو فراہم کر دی جائیں گی۔ذرائع کے مطابق ٹیسٹ کے دوران اگر ڈرائیور نے ریورس گیئر ایک سے زائد بار استعمال کیا تو سافٹ ویئر اسے خود بخود فیل قرار دے گا اور گاڑی بند کر دے گا۔ اس کے علاوہ گاڑی میں جدید کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔ڈی آئی جی ٹریفک پولیس وقار نذیر نے کہا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی ڈرائیونگ ٹیسٹ کے عمل میں شفافیت لانے کے ساتھ ساتھ کارکردگی کو بھی بہتر بنائے گی۔