سیلاب متاثرین کو ریلیف دینے کا فیصلہ ،بلوں کی ادائیگی 25 اور 29 ستمبر تک مو خر :ترجمان لیسکو
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے بجلی کے بلوں کی ادائیگی کی مقررہ تاریخ میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔لیسکو حکام کے مطابق، یہ سہولت بیچز کی بنیاد پر دی جائے گی تاکہ متاثرہ علاقوں کے صارفین کو ادائیگی میں آسانی ہو۔ قوانین کے مطابق صارفین کو مقررہ تاریخ میں دو مرتبہ توسیع دی جا سکتی ہے۔پہلے مرحلے میں بلوں کی ادائیگی کی توسیع 25 ستمبر تک دی گئی ہے، جبکہ عدم ادائیگی کی صورت میں دوسری توسیع 29 ستمبر تک ہوگی۔ تاہم مقررہ تاریخ کے بعد ادائیگی نہ کرنے پر سرچارج بھی عائد کیا جائے گا۔ 19 ستمبر کے بعد ادائیگی پر 10 فیصد جرمانہ وصول کیا جائے گا۔ترجمان نے مزید بتایا کہ ٹیوب ویل کنکشنز پر بھی یہ سہولت لاگو ہوگی تاکہ زرعی صارفین کو بھی ریلیف دیا جا سکے۔ لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ صارفین کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ قدرتی آفات کے باوجود وہ بلوں کی بروقت ادائیگی کر سکیں۔