جاپان میں ایک غیر معمولی اور دلچسپ محبت کی کہانی نے سب کو حیران کردیا ہے، جہاں 63 سالہ خاتون نے 31 سالہ نوجوان سے شادی کرلی۔
حیرت انگیز طور پر دلہن عمر میں دلہے کی والدہ سے بھی چھ سال بڑی ہیں۔
ملاقات کا انوکھا آغاز
ہانگ کانگ کے ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق، یہ رشتہ ایک اتفاق سے شروع ہوا۔ اگست 2020 میں ٹوکیو کے ایک کیفے میں خاتون کو ایک کھویا ہوا موبائل فون ملا، جو اسی نوجوان کا تھا۔ فون واپس کرنے پر دونوں کی پہلی ملاقات ہوئی۔ بعد ازاں ٹرام میں دوبارہ ملاقات ہوئی، جہاں انہوں نے نمبرز کا تبادلہ کیا اور روزانہ طویل گفتگو شروع ہوگئی۔پہلی ہی ملاقات پر نوجوان نے خاتون کو ایک پرچی دی، جس پر لکھا تھا: "براہ کرم میری پرنسس بن جاؤ"۔
عمر کی حقیقت اور رشتہ
تقریباً ایک ماہ بعد جب دونوں نے ایک دوسرے کو اپنی اصل عمریں بتائیں، تو تب تک ان کا رشتہ اس قدر گہرا ہو چکا تھا کہ عمر کی حقیقت نے کوئی فرق نہ ڈالا۔خاتون، جو دو دہائیوں کی شادی کے بعد تنہا بیٹے کی پرورش کر رہی تھیں، پہلے بھی ڈیٹنگ ایپس استعمال کرتی رہیں مگر کوئی کامیابی نہ ملی۔ لیکن اس بار قسمت نے انہیں ایک نیا ساتھی دے دیا۔
اہل خانہ کا ردعمل
خاتون کا بیٹا، جو دلہے سے چھ سال بڑا ہے، ابتدا ہی سے اس رشتے کے حق میں رہا۔نوجوان کی والدہ نے ابتدا میں مخالفت کی کیونکہ دلہن ان سے بھی بڑی تھیں، تاہم بیٹے کی محبت دیکھ کر بالآخر وہ بھی راضی ہوگئیں۔
خوشگوار ازدواجی زندگی
یہ جوڑا دسمبر 2022 میں باضابطہ طور پر رشتہ ازدواج میں منسلک ہوا۔ تین برس بعد بھی دونوں ایک دوسرے کو محبت سے "پرنس" اور "پرنسس" کہہ کر پکارتے ہیں۔ اب وہ مل کر ایک میرج ایجنسی چلا رہے ہیں، گھریلو ذمے داریاں بانٹتے ہیں اور ایک دوسرے کو اپنی زندگی کی سب سے بڑی خوشی قرار دیتے ہیں۔