بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے کرنول ضلع کے چنّا ٹیکور گاؤں کے قریب جمعہ کی صبح ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جس میں کم از کم 20 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے۔
واقعہ اس وقت ہوا جب حیدرآباد سے بنگلور جانے والی ایک بس ایک موٹر سائیکل سے ٹکرائی۔ ٹکر کے فوری بعد بس میں آگ لگ گئی اور شعلے اتنی تیزی سے پھیل گئے کہ کئی مسافر باہر نکلنے میں ناکام رہے، کیونکہ زیادہ تر مسافر حادثے کے وقت سو رہے تھے۔مقامی افراد نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو نکالنے کی کوشش کی، جبکہ کچھ دیر بعد فائر بریگیڈ اور پولیس کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچیں اور آگ پر قابو پایا۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال، کرنول گورنمنٹ جنرل اسپتال، منتقل کیا گیا جہاں متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔
پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور مقدمہ درج کیا گیا ہے تاکہ اس واقعہ کی اصل وجوہات معلوم کی جا سکیں۔ سوشل میڈیا پر اس واقعے کی ویڈیوز بھی تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جو اس المناک حادثے کی حقیقی تصویر پیش کرتی ہیں۔